Aug ۲۳, ۲۰۲۰ ۲۰:۵۱ Asia/Tehran
  • بصرہ میں بد امنی کو لگام دی جائے: عراقی وزیر اعظم

عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے بصرے میں امن و استحکام بحال کرنے کے لئے بھرپور کوشش کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

بغداد الیوم کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر ا‏عظم مصطفی الکاظمی نے بصرے میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کا جائزہ لینے کے لئے اس شہر کا دورہ کیا۔ 

مصطفی الکاظمی نے بصرے میں فوجی و سیکورٹی کمانڈروں کے ساتھ ایک نشست میں کہا کہ سماجی کارکنوں کا قتل، بصرے کے عوام کے اندر رعب و وحشت پیدا کرنے کی غرض سے انجام دیا گیا ہے اور یہ غیر قانونی گروہوں کا کام ہے۔ 

عراقی وزیر اعظم نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی اور جرائم وہ مسائل ہیں جنہیں آسانی سے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ مصطفی الکاظمی نے سیکورٹی کمانڈروں سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد سے جلد مجرموں کا پتہ لگا کر انہیں گرفتار کریں۔ 

 بدھ کی شام نامعلوم مسلح افراد نے شہر بصرہ میں ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی جس میں چار خواتین سوار تھیں۔ اس واقعے میں ایک لیڈی ڈاکٹر سمیت دو خواتین جاں بحق ہوگئیں جبکہ دو خواتین سخت زخمی ہیں۔ 

 جمعے کو بھی ایک شخص کو نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ 

گزشتہ مہینے سے اب تک صوبہ بصرہ میں آٹھ افراد قتل کئے جا چکے ہیں۔ 

ٹیگس