Sep ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۰:۵۹ Asia/Tehran
  • عراق میں اربعین کے موقع پر غیر ملکی زائرین کے داخلے پر پابندی

عراق کی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ اربعین کے موقع پر غیر ملکی زائرین کے ملک میں داخلے پر پابندی رہے گي۔

منگل کے روز ارنا نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے سیف البدر نے بتایا کہ پیر کو وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کی زیر صدارت کورونا کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صرف تجارتی لین دین کے لیے محدود پیمانے پر سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا گيا۔ انھوں نے بتایا کہ غیر ملکی زائرین کے عراق میں داخلے کی ممانعت ابھی باقی ہے اور یہ پابندی اربعین کے موقع پر باقی رہے گی۔ سیف البدر نے کہا کہ حکومت پر عراقی شہریوں کی صحت کی حفاظت کی ذمہ داری ہے جس کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بعض میڈیا رپورٹس میں پیر کے روز کربلا کے گورنر کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ کربلا، اربعین کے موقع پر غیرملکی زائرین کے استقبال کے لیے تیار ہے حالانکہ بعد میں بتایا گيا کہ گورنر کے بیان میں ترجمے کی غلطی کی وجہ سے اس طرح کی غلط فہمی پیدا ہوئي اور انھوں نے اپنے بیان میں امید ظاہر کی تھی کہ کرونا کی وبا کا خاتمہ ہوگا اور دسیوں لاکھ زائرین اربعین کے موقع پر عراق آئيں گے۔

ٹیگس