بیت المقدس کے غداروں کی تصاویر نذر آتش
غزہ کے عوام نے اسرائیل اور بحرین کے مابین سفارتی تعلقات کی برقراری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بحرین اور امارات کے حکمرانوں کی تصویروں کو آگ لگا دی۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے عوام نے جمعے کی شام دیر البلح شہر کے مرکز میں احتجاجی مظاہرہ کر کے اسرائیل اور بحرین کے مابین سفارتی تعلقات کی استواری کی مذمت کی اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفه کی تصاویر کو نذر آتش کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ آل خلیفہ نے فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔
غزہ کے عوام نے اسی طرح احتجاجی مظاہرے میں صیہونی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو، امریکی صدر ٹرمپ، عرب امارات کے ولیعہد محمد بن زائد، نائب صدر اور وزیر اعظم محمد بن راشد آل مکتوم کی تصاویر کو پاوں تلے روندتے ہوئے انہیں آگ لگا دی اور ان کے سازشی اقدامات سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا۔
اسرائیل اور عرب امارات کے مابین سازشی معاہدے کو ابھی ایک ماہ بھی نہیں ہوا تھا کہ عرب اسرائیل دوستی منصوبے کے ترجمان امریکی صدر ٹرمپ نے جمعہ 11 ستمبر کو اسرائیل اور بحرین کے مابین تعلقات کی برقراری کا اعلان کیا جس کی عالمی سطح پر شدید مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔