افغانستان میں جھڑپیں شدت اختیار کرگئیں، درجنوں ہلاک و زخمی
شمالی افغانستان میں ہونے والی مختلف جھڑپوں میں درجنوں افغان سیکورٹی اہلکار اور طالبان مارے گئے۔
افغانستان کے شمالی صوبے فاریاب پولیس کے ترجمان عبدالکریم یورش نے بتایا ہے کہ طالبان کے ایک گروہ نے ضلع قیصار پر حملے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔ اس دوران ہونے والی لڑائی میں چار افغان فوجی جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ افغان سیکورٹی فورس کی جوابی کارروائی میں تینتیس طالبان ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق طالبان نے صوبہ قندوز کے ضلع امام صاحب میں فوجی چیک پوسٹ کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں چھے افغان فوجی کے مارے جانے اور سولہ کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ دوسری جانب صوبہ نیمروز کے ضلع خاشرود میں سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق اور چھے دیگر زخمی ہوگئے۔
افغانستان کے سیکورٹی اہلکاروں کے خلاف طالبان کے حملوں میں شدت ایسے وقت میں پیدا ہوئی جب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان بارہ ستمبر سے شروع ہونے والے مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے ہیں۔