یمنی فوج نے سعودی اتحاد کا حملہ ناکام بنادیا
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ ضالع میں سعودی جنگی اتحاد کے حملے کو ناکام بنادیا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق سعودی جنگی اتحاد میں شامل کرائے کے فوجیوں نے صوبہ ضالع کے مریس سیکٹر کی جانب پیشقدمی کی کوشش کی تاہم انہیں یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
اس دوران ہونے والی جھڑپوں میں سعودی اتحاد میں شامل درجنوں کرائے کے فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے زمینی جنگ میں پے در پے شکست کے بعد شمالی یمن کے صوبے صعدہ کے شہر کتاف کے محلے الفرع اور صوبہ مآرب کے شہر ماھلیہ اور رحبہ پر بمباری کی ہے۔
سعودی جنگی اتحاد نے صوبہ صعدہ کے سرحدی شہر منبہ پر گولہ باری بھی کی ہے۔
فوری طور پر ان حملوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوسکی ہے۔
مارچ دوہزار پندرہ سے جاری سعودی جارحیت کے نتیجے میں اب تک سترہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔