Oct ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۳:۴۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور عرب امارات خطے میں امریکی و صیہونی مفادات کے محافظ ہیں: النجباء

عراق کی اسلامی مزاحمتی تنظیم نجباء کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ ہمارے پاس شہید سلیمانی کے قتل کے حوالے سے اہم دستاویزات موجود ہیں۔

عراق کی اسلامی مزاحمتی تنظیم نجباء کے سکریٹری جنرل اکرم الکعبی نے مہر نیوز ایجنسی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس شہید قاسم سلیمانی کے قتل کی دستاویزات موجود ہیں اورعراق میں ہونے والے مظاہروں کے پیچھے سعودی عرب اور امارات کا ہاتھ ہے۔

شیخ اکرم الکعبی نے عراق میں عدم استحکام پیدا کرنے اور تفرقہ ڈالنے کے سلسلے میں امریکہ کے ناپاک عزائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عراق کے اقتصادی وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اُس نے اِس سلسلے میں عراق کے صدر کو سفارتی تعلقات توڑنے اور عراق کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی بھی دی، جو امریکہ کی بہت بڑی گستاخی ہے۔

عراق کی مزاحمتی تنظیم نجباء کے سکریٹری جنرل نے عراق میں امریکی مقاصد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عراقی عوام کا خیر خواہ نہیں اور نہ ہی اس کو عراق میں امن و امان قائم کرنے میں کوئی دلچسپی ہے بلکہ امریکہ عراق میں تفرقہ اور عدم استحکام  پیدا کرکے عراق کے اقتصادی وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، امریکہ عراق کو آباد کرنے نہیں بلکہ تباہ کرنے کے لئے آیا ہے ۔

اکرم الکعبی نے کہا کہ امریکہ کو خطے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی بھر پور حمایت حاصل ہے اور یہ دونوں عرب ممالک خطے میں امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں اور عراق میں ہونے والے مظاہروں کے پیچھے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا ہاتھ ہے۔

انھوں نے عراق سے دہشت گردی کے خاتمہ میں ایران کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں دہشت گردی کو امریکہ اور اس کے اتحادی عرب ممالک نے فروغ دیا جبکہ ایران نے عراق سے دہشت گردی کے خاتمہ کے سلسلے میں عراقی حکومت اور عوام کی بھرپور مدد کی۔

عراق کی استقامتی تنظیم کے سربراہ نے امریکہ کے ہاتھوں عراق میں شہید میجر جنرل قاسم سلیمانی کے بہیمانہ اور بزدلانہ قتل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس شہید قاسم سلیمانی کے قتل کی دستاویزات موجود ہیں۔

اکرم الکعبی نے کہا کہ ہم عراق سے امریکی فوج کے انخلا کے مطالبہ پر باقی ہیں، اگر امریکہ نے مقررہ وقت میں اپنی فوج عراق سے خارج نہ کی تو ہم طاقت کا استعمال بھی کر سکتے ہیں۔

ٹیگس