Oct ۳۰, ۲۰۲۰ ۲۱:۴۰ Asia/Tehran

ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں آنے والے شدید زلزلے سے اب تک 12 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 419 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے ساحلی شہر میں آنے والے زلزلے کی شدت 7 ریکارڈ کی گئی اور متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

ترکی کے وزیر صحت نے تصدیق کی کہ زلزلے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 419 زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی شدت استنبول سے یونان کے دارالحکومت ایتھنز تک محسوس کی گئی۔

خیال رہے کہ زلزلے سے ساحلی شہر ازمیر کو نقصان پہنچا جہاں 30 لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی ہے۔

ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے ٹوئٹر پر کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں ازمیر میں اب تک 6 عمارتیں منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔

وزیر ماحولیات مراد کرم نے کہا کہ ہمارے کچھ لوگ ملبے میں پھنس گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ گرنے والی 6 عمارتوں کے بارے میں جانتے ہیں۔

زلزلے کی وجہ سے سونامی کے حالات پیدا ہوگئے اور ازمیر کی گلیوں میں سمندر کا پانی اُمڈ آیا۔

زلرلے کے مرکز سے متعلق متضاد رپورٹس سامنے آئی ہیں۔

ترک حکومت کی اے ایف ڈی ایف کے مطابق زلزلے کا مرکز ازمیر شہر سے تقریباً 17 کلومیڑ دور تھا جبکہ اس کی گھرائی زیر زمین 16 کلومیٹر تھی۔

 

ٹیگس