ترکی میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 69 ہوئي
ترکی کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ صوبہ ازمیر میں خوفناک زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 69 ہوگئی ہے۔
ترکی کی وزارت صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے تیسرے روز بھی تلاش اور بچاؤ کا کام جاری ہے اور اب تک سو سے زائد افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔ ترکی کی فوج اور کئی ایجنسیاں ملبے میں پھنسے زندہ لوگوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ اتوار کو مغربی ترکی کی ایک عمارت کے ملبے میں گزشتہ چونتیس گھنٹوں سے پھنسے ہوئے ایک ستر سالہ شخص کو امدادی کارکنوں نے باہر نکالا۔ رپورٹ کے مطابق زلزلے کے باعث نو سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ترکی کی وزارت صحت کے مطابق ، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نوے فیصد مکانات اب رہائش کے قابل نہیں ہیں اور ان علاقوں کے لوگوں کو عارضی کیمپوں اور خیموں میں رکھا گیا ہے۔ ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائي نے بتایا ہے کہ زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان بایراکلی علاقے میں ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ زلزلے کو بہتر گھنٹے گزر جانے کے باوجود، اب بھی ملبے کے نیچے بہت سے لوگوں کے زندہ ہونے کا امکان بہت زیادہ ہے۔ ترکی کے ازمیر صوبے میں جمعے کے روز ایک خوفناک زلزلہ آيا تھا جس میں کافی جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔