Nov ۲۲, ۲۰۲۰ ۰۹:۰۱ Asia/Tehran
  • یمن میں سعودی اتحاد کے غیر انسانی اقدامات کا سلسلہ جاری

یمنی ذرائع نے اس ملک کے مختلف علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے حملے جاری رہنے کی خبر دی ہے۔

المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے ہفتے کو صوبہ صعدہ کے رازح کے مختلف علاقوں اور اس ملک کے سرحدی علاقوں پر کئی بار بمباری کی ۔ خبروں کے مطابق سعودی اتحاد نے شمالی یمن کے صوبہ صعدہ کے باقم علاقے کو بھی اپنے جارحانہ حملوں کا نشانہ بنایا ۔

 گزشتہ دنوں سے یمن پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں شدت آ گئی ہے اور اس کے جواب میں یمنی جوانوں نے سعودی عرب کے بعض علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب یمن کے صوبہ شبوہ کے عوام نے متحدہ عرب امارات اور اس سے وابستہ دہشتگردوں کے جرائم کا شکار ہونے والوں کی ایک تنظیم تشکیل دی ہے ۔ القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور اس کے ایجنٹوں کے جرائم کی بھینٹ چڑنے والے یمنی خاندانوں نے جمعے کو ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ امارات اور اس سے وابستہ دہشتگردوں کا شکار ہونے والوں کی تنظیم ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اور ان کے ایجنٹوں  کو سزا دینے کے لئے تشکیل دی گئی ہے اور اس انجمن کا دوسرا مقصد حقائق کا پتہ لگانا اور عدالت کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔

 یمنی خاندانوں نے کہا کہ تمام وہ لوگ جن کے لئے حقیقت اور انصاف اہمیت رکھتا ہے انہیں چاہئے کہ ملت یمن کا ساتھ دیں اور یمنی عوام کی مدد کی  انسانی، شرعی اور اخلاقی ذمہ داری کو پورا کریں۔

ٹیگس