Nov ۲۳, ۲۰۲۰ ۲۲:۳۹ Asia/Tehran
  • بن سلمان اور نتن یاہو کی خفیہ ملاقات، سعودی حکومت کا انکار، نتن یاہو کا تبصرے سے گریز

سعودی عرب نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو اور ولیعہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کی تردید کی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو کے حالیہ دورے کے دوران ولیعہد محمد بن سلمان اور اسرائیلی وزیر اعظم کے درمیان ملاقات کی خبریں گردش کر رہی ہیں  ایسے میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ٹوئٹ میں دعوی کیا کہ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور ولیعہد محمد بن سلمان سے صرف امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو کی ملاقات ہوئی۔

ان کا یہ بھی دعوی تھا کہ اس ملاقات میں صرف امریکی اور سعودی حکام ہی موجود تھے۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی اخبار یورشلم پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ صیہونی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو، سعودی ولیعہد  محمد بن سلمان سے خفیہ ملاقات کے لئے سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں۔

صیہونی حکومت کے اس اخبار نے ایک نامعلوم صیہونی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نتن یاہو، صیہونی حکومت کی خفیہ ایجنسی "موساد" کے سربراہ یوسی کوہن کے ہمراہ اتوار کے روز سعودی شہر نیوم کے لیے روانہ ہوئے جہاں انہوں نے محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

واضح رہے کہ بحرین، سوڈان اور متحدہ عرب امارات نے فلسطینیوں سے غداری کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں جبکہ سعودی عرب کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ بھی جلد ہی غداروں کی فہرست میں شامل ہونے کے معاہدے پر دستخط کرنے والا ہے تاہم تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب نے خفیہ معاہدہ کر لیا ہے لیکن عالم اسلام کے شدید رد عمل کی وجہ سے مخفی رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب صیہونی میڈیا رپورٹس اور حکومتی وزیر کے دعوے کے بعد کہ وزیراعظم نتن یاہو نے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی نتن یاہو نے خبر پر تبصرے سے گریز کیا۔

نتن یاہو نے اپنی پارٹی کے اجلاس میں سوال پر کہا کہ ‘میں نے ان چیزوں پر کبھی تبصرہ نہیں کیا اور ایسا کرنے کا ارادہ بھی نہیں ہے۔

اسرائیل کے مشہور صحافی براک ریود نے کہا کہ نتن یاہو اور موساد کے سربراہ اسرائیل کی کاروباری شخصیت اودی اینگل کے طیارے میں وہاں گئے تھے۔

براک ریود نے فلائٹ ٹریکر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ طیارہ اسرائیل سے اتوار کو شام 8 بجے نیوم جانے کے لیے اڑا اور 5 گھنٹے بعد واپس اسرائیل آیا۔

 

ٹیگس