Nov ۲۷, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
  • ترکی میں ناکام بغاوت میں ملوث 27 افراد کو عمر قید کی سزا

ترکی میں اپنی نوعیت کے ایک بہت بڑے مقدمے میں سابقہ پائلٹ اور کئی اعلیٰ عہدیداروں کو سزائیں سنائی گئی ہیں۔

ترکی میں چار سال قبل صدر رجب طیب اردوغان کے خلاف ناکام فوجی بغاوت کی پاداش میں 27 سابق پائلٹ اور دیگر مشتبہ لوگوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ 2016 کی اس ناکام بغاوت کے نتیجے میں 251 افراد ہلاک اور 2000 سے زائد شدید زخمی ہوئے تھے۔

ترکی کی عدالت نے فضائیہ کے فائٹر پائلٹوں کو انقرہ میں بمباری کرنے اور فوجی اڈے سے بغاوت کا منصوبہ بنانے پر ایک سے زائد مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

جن جرائم  میں انھیں سزا دی گئی ہے ان میں آئین سے انحراف، عوام کا قتل عام اور صدر رجب طیب اردوغان کو قتل کرنے جیسی دفعات اور الزامات شامل ہیں ۔

2016  میں فوج کی پشت پناہی میں ترکی کے موجودہ صدر رجب طیب اردوغان کو حکومت سے بے دخل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، ترکی کی حکومت نے کودتا کا الزام فتح اللہ گولن پرعائد کیا جو اس وقت امریکہ میں مقیم ہیں ۔

ترکی نے یورپی یونین میں شامل ہونے کیلئے 2004 میں سزائے موت کا قانون ختم کردیا تھا لیکن اس کی جگہ انتہائی سخت عمر قید کی سزائیں سامنے لائی گئیں جس پر اکثر انسانی حقوق کے ادارے آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگس