Dec ۱۶, ۲۰۲۰ ۰۸:۲۲ Asia/Tehran
  • کابل کار بم دھماکے کی مذمت

افغانستان کے صدر اور دیگر اعلی حکام نے کل دارالحکومت میں ہونے والے کار بم دھماکے کی مذمت کی۔

افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کابل کے ڈپٹی گورنرکی دہشتگردانہ حملے میں ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اس قسم کی دہشتگردانہ کارروائیوں کو افغانستان میں صلح مذاکرات کیلئے قطر میں ہونے والے امن معاہدے اور اس ملک کے عوام کی جانب سے امن و امان کی برقراری کے منافی قرار دیا۔

افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلیٰ کونسل کے چیئرمین عبدالله عبدالله اور وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے بھی اپنے علیحدہ علیحدہ بیان میں کابل دہشتگردانہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے دشمن دہشتگردانہ حملوں سے اپنے مذموم مقاصد کو حاصل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے حملے انسانیت کے خلاف ہیں۔

واضح رہے کہ منگل کی صبح کابل کے ڈپٹی گورنر محب اللہ محبی کی گاڑی میں ہونے والے دھماکے میں وہ اور ان کے سکریٹری ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔

کہا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ میگنٹک بم کے ذریعے کیا گیا جو ڈپٹی گورنر کی گاڑی پر چپکایا گیا تھا۔ تاحال اس دھماکے کی کسی بھی گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب طالبان اور افغان حکومت کے درمیان بین الافغان مذاکرات جاری ہیں۔

ہفتے کے روز بھی کابل میں افغان حکومت کے ایک پراسیکیوٹر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

ٹیگس