شام، دہشت گردوں کے گولہ بارود کے ڈپو میں دھماکہ
شام، ترکی کے زیرکنٹرول علاقے میں احرار الشام کے اسلحے کے گودام میں ہونے والے دھماکے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
شام کے مقامی ذرائع نے دہشت گردوں کے زیر قبضہ گولہ بارود کے ایک ڈپو میں ہونے ایک زور دار دھماکے کی خبر دی ہے کہ جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد مارے گئے ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عفرین شہر کے نواحی علاقے میں واقع اسلحے کا یہ گودام احرار الشام نامی دہشت ٹولے کا بتایا جاتا ہے۔
بعض اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ جندریس نامی شہر کے ایک گاؤں جولقان میں ہوا ہے کہ جس کے نتیجے میں احرار الشام کے پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ترکی کی فوج کے زیر کنٹرول اس علاقے میں عام طور سے موٹرسائیکلوں میں نصب بموں کے دھماکے ہوتے رہتے ہیں۔
دوسری جانب شام کے سرکاری ذرائع نے ترکی کی فوج اور مقامی کرد ملیشیا کے درمیان شدید جھڑپوں کی رپورٹ دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق صوبہ رقہ کے شہر عین العیسی ميں مقامی کرد ملیشیا ڈیمو کرٹیک سیریا آرمی اور ترکی کی فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔