شام کے سینٹرل بینک پر امریکی پابندی
امریکا کی وزارت خزانہ نے شام کے سینٹرل بینک سمیت دس اداروں اور سات افراد کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں دعوی کیا کہ شام کے حالات کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لئے امریکی حکومت کی کوششوں کی حمایت کے تحت، ملک کی وزارت خزانہ کے دفتر نے شام کے کچھ سینئر افراد اور کچھ اداروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
امریکا کے وزیر خزانہ اسٹیون منوچین کا کہنا ہے کہ واشنگٹن، شامی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے تمام حربوں کا استعمال کرتا رہے گا۔
شام کے صدر بشار اسد کی ایک مشیر لینا الکنایہ اور ان کے شوہر محمد مسوتی کو جو رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، امریکا کی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو نے بھی ان پابندیوں کے بارے میں کہا کہ شام کے صدر بشار اسد کی اہلیہ اسماء اسد سمیت ان کے کچھ نزدیکی افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے دعوی کیا کہ ان افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کی گئیں ہیں جو ہتھیاروں کے انتظام کی کوشش کرتے ہیں۔