Jan ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران، انسداد منشیات کے میدان میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لئے تیار

اسلامی جمہوریہ ایران کی انسداد منشیات پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ایران کی انسداد منشیات پولیس کے سربراہ جنرل مجید کریمی نے منگل کو اسلام آباد میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی پیداوار اور اس کی اسمگلنگ میں اضافے کا بنیادی سبب بیگانہ طاقتوں کی موجودگی ہے جو دہشتگردی کے خلاف جنگ کے بہانے علاقے میں داخل ہوئی ہیں اور انہوں نے موت کے سوداگروں کے خلاف مہم کو دشوار بنادیا ہے۔

ایران کے انسداد منشیات پولیس کے سربراہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان نے انسداد منشیات کی مہم میں بڑی قربانی دی ہے اور منشیات کے خلاف مہم میں ہمیشہ اگلے محاذ پر رہے ہیں۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعجاز شاہ نے بھی ایرانی وفد کے دورۂ اسلام آباد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تعاون بڑھانے پر زور دیا اور منشیات کی اسمگلنگ کا بھرپور و موثر مقابلہ کرنے کے لئے ایران کی پیشکش کا خیرمقدم کیا۔

اعجاز احمد شاہ نے موت کے سوداگروں کے ہاتھوں ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے تین جوانوں کو اغوا کرکے پاکستان کے اندر منتقل کرنے کے واقعے کی تحقیقات اور ان کا پتہ لگانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی انسداد منشیات پولیس کے سربراہ جنرل مجید کریمی نے پاکستان کے اینٹی ناکوٹیک بورڈ کا بھی دورہ کیا اور اس کے بعد پاکستانی بحریہ کی سیکورٹی ایجنسی کے حکام سے ملاقات کے لئے کراچی روانہ ہوگئے۔

ٹیگس