آج ٹرمپ کی مجرمانہ حقیقت امریکی عوام پر عیاں ہو گئي: حسن نصر اللہ
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے امریکی کانگریس پر حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم امریکہ کا جو منظر دیکھ رہے ہیں وہ عام طور پر امریکیوں کی جانب سے ديگر ملکوں میں دکھایا جاتا تھا تاکہ کسی نظام کو گرایا جا سکے لیکن آج ٹرمپ نے یہی طریقۂ کار خود اپنے ملک کے لیے اختیار کیا ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے جمعے کی رات خطے اور دنیا کے حالات کے بارے میں اپنی تقریر میں کہا کہ آج ٹرمپ کی مجرمانہ حقیقت، خود امریکی عوام کے سامنے آ گئي۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس میں جو واقعات پیش آئے ہیں وہ خطرناک ہیں اور امریکہ کے اتحادی اس کی شدت کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سن دو ہزار پانچ سے لبنان پر امریکہ اور دنیا کی توجہ کا مرکز استقامتی تحریک کا اسلحہ ہے، کہا کہ اگر آج ہم لبنان پر عالمی توجہ کے شاہد ہیں تو اس کی وجہ استقامت اور استقامتی تحریک کے ہتھیار ہیں۔ حزب اللہ لبنان کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ اگر لبنان اور اس کے عوام، امریکہ یا یورپ کے لیے اہم ہوتے تو ہم لبنانی قوم کے خلاف اتنی معاندانہ پالیسیوں کا مشاہدہ نہ کرتے۔