Jan ۱۱, ۲۰۲۱ ۲۱:۵۵ Asia/Tehran
  • ناروے، سانحہ مچھ کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی

ناروے کی مختلف تنظیموں نے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

ناروے کی سیاسی سماجی مذہبی تنظیموں نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

جنگ نیوز کے مطابق اوسلو سٹی کونسل میں پارٹی کے عہدیدار طلعت محمود بٹ نے کہا کہ جب سے یہ سانحہ رونما ہوا ہے دل خون کے آنسو رو رہا ہے اور ویسے بھی ایسے واقعات پے در پے ہوتے رہتے ہیں، مظلوم چند روز کی آہ و بکا کے بعد خاموش ہونے پر مجبور کر ديئے جاتے ہیں اور حکمران پھر سے چین کی نیند سو جاتے ہیں ۔

مسلم لیگ (ن) ناروے کے چیف آرگنائزر نذیر خالد بٹ، پاکستان مسلم لیگ (ن) ناروے کے صدر شاہد تنویر نے بھی پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برادری کے محنت کش کان کنوں کے قتل پر غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

 پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز سیکریٹری جنرل علی اصغر شاہد، سینئر نائب صدر چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں، نائب صدر چوہدری محمد اشرف، سیکرٹری انفارمیشن راجہ عاشق حسین، جوائنٹ سیکرٹری عثمان اصغر نائب، صدر پی پی پی یورپ چوہدری فاروق پسوال اور دیگر اراکین نے ہزارہ برادری کے شہداء کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔

 تحریک انصاف ناروے کے کوآرڈینیٹر چوہدری طاہر اکرم نے کہا کہ ہم بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان  کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ ہندوستان نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے۔

 

ٹیگس