Jan ۱۳, ۲۰۲۱ ۰۵:۴۵ Asia/Tehran
  • ملائیشیا اور لبنان نے کورونا کے خلاف اپنی فوج میدان میں اتار دی

ملائیشیا میں کورونا وائرس کے تناظر میں پارلیمان معطل کر دی گئی اور اس وبا کو مہار کرنے کے لئے ملکی فوج کو میدان میں اتار دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم محی الدین یاسین نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ فوج نے حکومت کا تختہ نہیں الٹا اور نہ ہی ملک میں کرفیو نافذ کیا جا رہا ہے۔ ہنگامی حالات کے دوران اقتدار عوامی حکومت کے ہاتھ میں ہی رہے گا۔

ملائیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ احمد شاہ نے اس فیصلے کی توثیق کی، جس کے بعد وزیر اعظم کا اعلان سامنے آیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمان اگست تک معطل رہے گی اور اس دوران ملک میں عام انتخابات منعقد نہیں کرائے جا سکیں گے۔

واضح رہے کہ اس فیصلے سے محی الدین یاسین کی کمزور حکومت کو عارضی استحکام ملے گا۔ اس سے قبل پیر کے روز وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ بدھ سے کوالالمپور اور پتراجایا سمیت 5 ریاستوں میں 2 ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن طرز کی پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو جواز بتا کر ہنگامی حالات نافذ کرنے کے پس پردہ سیاسی محرکات ہیں۔

دوسری جانب لبنان میں بھی کورونا وائرس بے قابو ہونے پر فوج نے ایمرجنسی نافذ کر کے ملک بھر میں 10روزہ کرفیو اور سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام اسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کا علاج کرنا لازمی ہوگا اور خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی ہوگی۔

 اعلامیے میں کہا گیا کہ ہوائی اڈوں پر پروازوں کی شرح کم کر کے 20 فیصد کردی جائے گی، جب کہ سیاحوں کو 7روز ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔ عوامی مقامات بند اور تقریبات و تجارتی سرگرمیاں معطل ہوں گی۔

 

ٹیگس