غرب اردن میں فلسطینی مظاہرین کی سرکوبی
غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غرب اردن کے شہر الخلیل کے قصبوں اور دیہاتوں میں صیہونی آباد کاری کی مخالفت کرنے والے فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔
فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے جمعے کی رات ام الخیر علاقے پر حملہ اور فلسطینی مظاہرین کی سرکوبی کی اور کئی فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح نابلس کے جنوب مین حوارہ چیک پوسٹ کو عبور کرنے والے ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب بیت المقدس کے ایک فلسطینی نوجوان کو صیہونی فوجیوں نے شعفاط کیمپ میں اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ رام اللہ کے شمال میں واقع المغیر قصبے میں غاصب صیہونیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں فلسطینیوں کے پتھراؤ کے نیتجے میں ایک صیہونی فوجی زخمی ہو گیا۔
غاصب صیہونی حکومت کے فوجی، اپنے توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن فلسطینی علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بناتے اور فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیتے ہیں۔
اس وقت بھی صیہونی حکومت کی جیلوں میں چار ہزار سات سو فلسطینی قیدی موجود ہیں جن میں دو سو پچاس بچے اور سینتالیس عورتیں شامل ہیں۔