Jan ۱۹, ۲۰۲۱ ۰۷:۵۰ Asia/Tehran
  • مقبوضہ علاقوں پر صیہونی مکانات کی تعمیر جنگی جرم ہے: فلسطین

فلسطین نے غاصب صیہونی ٹولے کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں مزید آٹھ سو مکانات کی تعمیر کا پرمٹ جاری کئے جانے کو ایک جنگی جرم قرار دیا ہے۔

فارس نیوز کے مطابق فلسطین کی قانون ساز اسمبلی کے رکن محمد شہاب نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں آٹھ سو نئے مکانات کی تعمیر پر مبنی خودساختہ صیہونی حکومت کا فیصلہ ایک جنگی جرم ہے اور ماضی سے چلے آ رہے اس کے مجرمانہ کردار کا ایک تسلسل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس جارحانہ اور مجرمانہ اقدام کا مقصد فلسطین کے مغربی کنارے کو مقبوضہ علاقے میں ضم کرنے والے منصوبے کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ فلسطینی رکن پارلیمنٹ نے فلسطین کے باشندوں کی اراضی پر صیہونیوں کے جابرانہ اور غاصبانہ قبضے کو تمام بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

محمد شہاب نے عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں نے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صیہونیوں کے جارحانہ اور مجرمانہ اقدامات کو لگام دینے کے لئے میدان میں آئیں۔

خیال رہے کہ آخری چند مہینوں میں ایک طرف خودساختہ غاصب صیہونی حکومت نے فلسطینی مکانات، مراکز اور زرعی اراضی کو تباہ کرنے اور انہیں ہتھیانے کا عمل تیز کر دیا ہے اور دوسری طرف ان علاقوں میں غیر قانونی طور پر مکانات کی تعمیر اور صیہونی آبادکاری میں بھی شدت پیدا کر دی ہے۔

ٹیگس