حشد الشعبی کی بڑی کارروائی، داعش کا سرغنہ گرفتار 3 ٹھکانے اور ایک ٹنل تباہ
عراق کے صوبہ الانبار سے دہشتگرد گروہ داعش کی باقیات کا صفایا کرنے کے لئے حشد الشعبی کا آپریشن جاری ہے اور صوبہ صلاح الدین کے الشرقاط شہر میں داعش کے ایک سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیاہے۔
المعلومه کی رپورٹ کے مطابق عراق میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے صوبہ الانبار کے علاقے الرمادی میں ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ الانبار کے مغربی علاقے میں بیک وقت کئی سیکٹرز سے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، تازہ ترین رپورٹوں کے مطابق ہونے والی کارروائی میں داعش کے 3 ٹھکانے اور صوبہ دیالہ میں داعش کے ایک ٹنل کو تباہ کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیالہ صوبے کے جلولاء علاقے میں داعش کے ایک دہشتگردی کے اڈے پر بھی قبضہ کر لیا گیا۔
الحشد الشعبی نے اس سلسلے میں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں مغربی الانبار میں داعش کی باقیات اور بچے کچے عناصر کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی نے تیرہ جون دو ہزار چودہ کو الحشد الشعبی کی تشکیل کا فرمان جاری کیا تھا۔ الحشد الشعبی نے عراق میں داعش دہشتگرد گروہ کو شکست سے دوچار کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے اور اس وقت بھی وہ عراقی فورسز کے شانہ بشانہ داعش کی باقیات کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہے۔