Feb ۰۲, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۶ Asia/Tehran
  • وزیراعظم کے ساتھ عراقی پارلیمانی کمیشن کا اجلاس، امریکی فوجیوں کے انخلا کا جائزہ

عراقی پارلیمنٹ کے دفاعی و سلامتی کمیشن کے ایک رکن نے کہا ہے کہ ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے مسئلے کا جائزہ لینے کے لئے عراقی وزیراعظم کے ساتھ پارلیمانی کمیشن کی ایک نشست ہو رہی ہے۔

المعلومہ ویب سائٹ کے مطابق  کریم علیوی نے منگل کے روز کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے کی میٹنگ کے پیش نظر اس کمیشن کی آئندہ نشست میں عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں حکومت کے وعدے پر گفتگو ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے فیصلے کی بنیاد پر عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا مسئلہ، وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ اس اجلاس میں عراق کی سیکورٹی کی صورت حال، ملک کے مختلف، اور خاص طور سے مغربی علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافے اور عراق کی اقتصادی و سیکورٹی کی صورت حال پر ان حملوں کے مرتب ہونے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ عراق کے بیشتر عوام اور گروہ اپنے ملک سے امریکہ کے دہشت گرد فوجیوں کے انخلا کے خواہاں ہیں اور اس ملک کی پارلیمنٹ نے بھی عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں ایک بل کی منظوری دی ہے۔

ٹیگس