موصل میں واقع ترکی کے فوجی اڈے پر میزائیلی حملہ
اسلامی استقامتی گروہ اصحاب الکہف نے موصل میں ترکی کے ایک فوجی اڈے پر میزائیل داغے جانے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
عراق کی استقامتی تنظیم " اصحاب الکہف" نے آج اپنے ایک بیان میں صوبہ نینوا میں ترکی کے فوجیوں کی پیشقدمی کو روکنے کے لئے موصل ميں واقع ترکی کے ایک فوجی اڈے کو اپنے میزائیل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی استقامتی گروہ اصحاب الکہف نے موصل میں ترکی کے ایک فوجی اڈے پر میزائیل داغے جانے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
صابرین نیوز چینل نے بھی موصل میں ایک زوردار دھماکے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب اسلامی استقامتی گروہ النجباء نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق ترکی بارڈر پر ترکی کے ایک فوجی اڈے پر حملے کی ذمہ داری استقامتی محاذ " اصحاب الکہف" نے قبول کرلی ہے۔
این آر ٹی نیوز نے اتوار کے روز اپنے ایک رپورٹ میں خبر دی تھی کہ "اصحاب کہف" نامی استقامتی گروہ نے انقرہ کو خبردار کیا ہے کہ صوبہ نینوا میں ترکی کی فوجی پیشقدمی کی صورت میں عراق میں ترکی کے مفادات کو خاک میں ملادیا جائے گا۔
اس بیان میں ترکی کے خفیہ محکمے کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وہ جان لیں کہ اگر ترکی کی فوج نے ہمارے عزیز صوبے نینوا میں آگے بڑھنے کی کوشش کی تو عراق میں ترکی کے معاشی مفادات اور سلامتی سے متعلق امور کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔