سعودی اتحاد حملے بند کر دے تو ہماری پیشقدمی رک سکتی ہے: یمنی فورسز
انصاراللہ کے سیاسی دفتر کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں صوبہ مآرب میں مشروط جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر سعودی جنگی اتحاد اپنے حملے روک دے تو صوبہ مآرب میں فوج اور عوامی رضاکار فورس بھی اپنی پیشقدمی روک دے گی۔
اس سے پہلے انصاراللہ کے سینیئر رہنما محمد البخیتی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ مآرب میں یمنی فوج کی پیشقدمی جاری ہے تاہم اگر جارح ممالک یمن کے خلاف اپنی جنگی مشینری کو لگام دے دیں اور تمام محاذوں پر حملے بند کر دیئے جائیں تو ہم جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ یمن کے خلاف جنگ میں مصروف جارح سعودی اتحاد کے اہم کمانڈر اس وقت مآرب میں موجود ہیں لیکن حتمی اور فیصلہ کن فتح یمنی عوام کی ہوگی اور جارح قوتوں کو کچھ ہاتھ نہیں لگے گا۔
واضح رہے کہ یمنی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملکی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مآرب شہر کے مشرق میں داخلی راستے کی جانب پیشقدمی شروع کر دی ہے جبکہ یمنی فوج کا ایک اور دستہ سعودی عرب کی سرحدوں سے ملنے والے الودیعہ پاس کی جانب کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی دیکھئے:
بیگانہ تسلط پسندی سے مقابلہ اپنا ایمانی فریضہ ہے: انصار اللہِ یمن