Mar ۰۶, ۲۰۲۱ ۰۹:۴۶ Asia/Tehran
  •  بین الاقوامی فوجداری عدالت کے فیصلے کی مخالفت

مقبوضہ فلسطینی میں غاصب اسرائیلی ریاست کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے فیصلے کی امریکہ نے مخالفت کی ہے۔

امریکہ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے اس فیصلے کی مخالفت کی ہے جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غاصب اسرائیلی ریاست کے جنگی جرائم کی تحقیقات کا اعلان کیا گیا ہے۔ جب کہ فلسطینیوں نے امریکی مخالفت کو اسرائیل کے جرائم کی طرف داری قرار دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں عالمی فوجداری عدالت کے فلسطینی علاقوں میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے اعلان پر مایوسی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی فوجداری عدالت کو فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی ریاست کے خلاف جرائم کی تحقیقات کا اختیار حاصل نہیں ہے، کیوں کہ اسرائیل عالمی فوجداری عدالت کا رکن نہیں ہے۔

دوسری جانب امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے بھی عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیل کے خلاف فلسطین میں جنگی جرائم کی تفتیش کی مخالفت کی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق کملا ہیرس نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یا ہو سے پہلی بار ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور صہیونی وزیراعظم کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ کملا ہیرس نے نیتن یاہو کے ساتھ تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت کی۔

وائٹ ہاوس کے مطابق کملا ہیرس اور نیتن یاہو کے درمیان بات چیت میں امریکہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ غاصب اسرائیل کی سلامتی کا دفاع غیر مشروط طور پر امریکہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ امریکہ، مسلمان اور عرب ممالک سے خود ساختہ اسرائیلی ریاست کے تعلقات کے نئے باب کے آغاز کا بھی حامی ہے۔

ٹیگس