عراق میں داعشی عناصر کے خلاف بڑا فوجی آپریشن
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبے دیالہ میں داعش دہشت گرد گروہ کے عناصر کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی کا آغاز کیا ہے-
النشرہ ویب سائٹ کے مطابق عراق کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فضائیہ نے ایف سولہ جنگی طیاروں سے صوبے دیالہ میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
عراقی فضائیہ کی اس کارروائی میں جبال حمرین نامی علاقے میں داعشی عناصر کے خفیہ ٹھکانوں کو تہس نہس کر کے انھیں بھاری نقصان پہنچایا گیا۔
عراق میں انسداد دہشت گردی کی تنظیم کے ترجمان صباح النعمان نے کہا ہے کہ دو ہزار اکیس کے آغاز سے اب تک عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے دسیوں دہشت گرد عناصر کو ہلاک کیا جاچکا ہے ۔ واع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صباح النعمان نے کہا کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے رواں عیسوی سال کی پہلی سہ ماہی میں عراق کے مختلف علاقوں میں داعشی عناصر کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کیا ہے۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے اس سے قبل سامرا کے جنوب میں واقع یثرب کے علاقے میں داعشی عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کر لیا۔
نینوا اور صلاح الدین میں بھی ایک کارروائی میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ اور دس دہشت گرد عناصر کو ہلاک کر دیا گیا۔ العیثہ کے علاقے میں بھی دھماکہ خیز مواد سے لیس دو دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
صوبے الانبار میں داعشی عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔
عراق میں دو ہزار سترہ میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اس ملک کے بعض علاقوں میں داعش سے وابستہ کچھ دہشت گرد عناصر روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ حملے کر کے عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے داعش دہشت گرد گروہ کے ان باقی بچے عنصر کا صفایا کرنے کے لئے بھی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔