Mar ۱۵, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran
  • نجران میں دسیوں سعودی فوجیوں کی ہلاکت

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے علاقے نجران میں دسیوں سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ دوسری جانب عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما نے کہا ہے کہ جب تک جارح سعودی اتحاد کے حملے بند نہیں ہوتے اس وقت تک جوابی حملے ہوتے رہیں گے

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس انصاراللہ کے جوانوں  نے سعودی عرب کے علاقے نجران میں ایک جوابی  کارروائی کے دوران  دسیوں سعودی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا۔

یمن کی عوامی تحریک انصراللہ نے اپنی سائٹ پر نجران کےعلاقے کی نئی تصاویر جاری کرتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس اور سعودی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے جارح سعودی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایاہے اور دسیوں سعودی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ بھاری مقدار میں سعودی فوج کا اسلحہ اور گولہ بارود مال غنیمت کے طور پر حاصل کر لیا جبکہ کچھ اسلحے اور گولہ بارود کو تباہ کر دیا۔

سعودی عرب میں نجران کی سرحدوں کی نشر کی جانے والی ویڈیو تصاویر سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کاروائی کے بعد سعودی فوجی فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے یمن کے صوبے تعز کےعلاقے الکدحہ میں سعودی آلہ کار فوجیوں کے اجتماع کے مرکز کو بلسٹک میزائل کا نشانہ بنایا۔

دریں اثنا یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل نے کہا  ہے کہ جب تک یمن کے سارے علاقے مکمل طور پر آزاد نہیں ہو جاتے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کارروائی بدستور جاری رہے گی۔  انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ یمنی قوم کی استقامت و پامردی پوری تاریخ میں بے نظیر رہی ہے اور سعودی اتحاد یمن کے دلدل میں پھنس چکا ہے۔اور جب تک اس کے جارحانہ حملے جاری رہیں گے یمن کی جوابی کارروائی بھی ہوتی رہے گی-

انھوں نے کہا کہ ایسی حالت میں کہ داعش، القاعدہ، امریکہ اور سعودی عرب، یمن کے خلاف ایک ہی محاذ پر سرگرم عمل ہیں یمن کے مختلف محاذوں خاص طور سے مآرب میں طاقت کا توازن یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حق میں تبدیل ہو گیا ہے جبکہ سعودی اتحاد کے ممالک دیگر محاذوں پر جنگ کا سلسلہ تیز کر کے جنگ مآرب کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن نے جنگ میں آنے والی تیزی کا ذمہ دار سعودی عرب کو قرار دیا اور کہا کہ یمن علاقے میں حقیقی امن و صلح کا حامی ہے۔

دوسری جانب یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد نے الحدیدہ میں ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن میں ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ الخبر ویب سائٹ نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سعودی اتحاد کے فوجیوں نے یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں ایک سو اٹھاون بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

یمن کے مذکورہ ذریعے کے مطابق سعودی اتحاد کے فوجیوں اور اس کے آلہ کاروں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کئی بار ڈرون طیاروں اور میزائلوں سے حملہ کیا اور مارٹر گولوں کا استعمال کیا جبکہ ایک سو ایک بار الحدیدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔  

ٹیگس