Mar ۱۷, ۲۰۲۱ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  • یمن میں منصورہادی کے  خلاف مظاہرے

یمن میں منصورہادی کے خوساختہ دارالحکومت عدن میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔

یمن میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے والے سیکڑوں مظاہرین نے خود ساختہ دارالحکومت عدن میں مستعفی صدر منصور ہادی کی نام نہاد انتظامیہ کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق مقامی کرنسی کی قدر میں شدید گراوٹ، سرکاری خدمات کے فقدان اور حالات زندگی میں ابتری آنے کے خلاف مظاہرین عدن میں حکومتی انتظامیہ کے مرکز عاشق پیلس میں داخل ہو گئے۔ اس موقع پر محافظین کی جانب سے کسی بھی قسم کی مزاحمت سے گریز کیا گیا جب کہ صدارتی محل میں کسی حکومتی عہدیدار کے ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

 اُدھر یمنی فورسز کی طرف سے پیر کی شام جنوبی سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں 2 بیلسٹک میزائل داغے گئے جن کے بارے میں سعودی اتحاد کا دعوی ہے کہ وہ ایک غیر آباد مقام پر گرے جس کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔

علاوہ ازیں منگل کے روز بھی  یمن کی جانب سے سعودی شہر خمیس مشیط پر ایک ڈرون حملے کا اعتراف کرتے ہوئے سعودی اتحاد نے دعوی کیا ہے کہ ایک  دھماکہ خیز ڈرون کو فضا میں تباہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی جانب سے چھ سال کی استقامت  اور مزاحمت کے بعد سعودی اتحادی افواج کے خلاف دفاعی نوعیت کے حملوں میں اضافے کے باعث امریکہ سمیت سعودی اتحاد کی حامی ریاستوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

امریکہ کی جانب سے یمنی فورسز کے حملوں کی مذمت اور مذاکرت پر بار بار ز‍ور دیا جارہا ہے، تاہم صنعا حکومت نے امریکی  پیشکش کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

دوسری جانب یمن کی عوامی فورسز نے صوبہ تعز میں سعودی اتحاد پر بڑی کامیابی حاصل کی اور صوبہ مارب سے سعودی اتحادی افواج کو پیچھے دھکیلنے  کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ٹیگس