اسرائیلی فوجیوں کی وحشیانہ کارروائی میں درجنوں فلسطینی زخمی
غرب اردن کے شہر جنین میں جلمہ کے مقام پر فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں نے کئی گھنٹوں تک فائرنگ کی۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں فلسطینی انقلابیوں اور قابض فوج کے درمیان مسلح جھڑپ ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ جھڑپ جلمہ چوکی کے قریب الناصرہ اور جنین کو ملانے والی شاہراہ پر ہوئی جو کئی گھنٹے تک جاری رہی۔ جس کے بعد اسرائیلی فوج نے مزید کمک بھی طلب کی اور علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران کلوز سرکٹ کیمرے بھی اتار لیے۔
اس سے قبل منگل کی شب کو اسرائیلی فوج نے جنین میں شاہراہ الناصرہ پر فلسطینیوں پر حملہ کیا تھا۔ اس دوران قابض فوج نے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کے گولے داغے اور صوتی بموں کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب غرب اردن میں اریحا کے مقام پر غاصب اسرائیلی فوج کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک 18 سالہ فلسطینی نوجوان زخمی ہو گیا۔
ادھر قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں کفر عقب کے مقام پر چھاپہ مارکارروائی کے دوران فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد کیا، جس کے نتیجے میں 42 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
بعض عرب ملکوں کی جانب سے قدس شریف کی غاصب حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے بعد سے فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کی ایذارسانی اور تشدد آمیز اقدامات میں شدت آگئی ہے۔