عراق: الانبار میں ہتھیاروں کے بڑے گودام کا انکشاف
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبے الانبار میں ہتھیاروں کے بہت بڑے ذخیرے کا پتہ لگایا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عوامی رضاکارفورس الحشدالشعبی کے مرکز اطلاعات نے اعلان کیا ہے کہ الحشدالشعبی کے ایک بریگیڈ نے مغربی عراق کے صوبے الانبار میں تلاشی کی کارروائی کے دوران داعش دہشت گردوں کے ہتھیاروں کے بہت بڑے ذخیرے کا پتہ لگایا ہے۔
صوبے الانبار میں داعش دہشت گرد گروہ کا باقی بچا بھاری مقدار میں گولہ بارود موجود ہے جو گرمی اور دوسری وجوہات کی بنا پر ہونے والے دھماکوں میں عام شہریوں کے جانی نقصان کا باعث بنا ہوا ہے اور عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے اس صوبے میں تلاش و جستجو کی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
مشرقی عراق میں دیالہ کے علاقے میں بھی عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے انتقام شہدا نامی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا ہے اور اسی طرح کے اسلحے کا صوبے نینوا میں بھی انکشاف کیا گیا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراقی فضائیہ نے صوبے صلاح الدین میں اپنے فضائی آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کے ہتھیاروں کے گودام کو تباہ کر دیا۔
عوامی رضاکار فورس نے صلاح الدین میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا۔