مغربی و مشرقی عراق میں داعش کے خفیہ اڈوں کا سراغ
عراقی فوجیوں نے ملک کے مغربی علاقوں میں داعش دہشتگرد گروہ کے کئی خفیہ ٹھکانوں اور اسلحوں کے ذخائر کا پتہ لگا کر انھیں ضبط کر لیا ہے-
عراقی ذرائع ابلاغ نے خفیہ ادارے کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عراقی افواج نے صوبہ الانبار کے بحیرہ الثرثار نامی بیابانوں میں بم اور میزائلوں سے بھرے ہوئے ایک گودام کا پتہ لگا کر اسے اپنے کنٹرول میں لے لیا۔
عراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے بھی صوبہ دیالہ کے " زور الاصلاح" علاقے میں داعش کے ایک خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگایا ہے جس میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور جنگی ساز و سامان موجود تھا۔
درایں اثنا عراقی فوج کے ترجمان جنرل یحیی رسول نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوجیوں نے دریائے العظیم کی جانب سے سامرا - صلاح الدین حد فاصل پر فوجی آپریشن انجام دیا جس کے دوران داعش کے ایک ایسے خفیہ اڈے کا پتہ چلا ہے جس میں بڑی تعداد میں نامعلوم افراد کی لاشیں ، کیٹوشا میزائل اور ڈرون رکھے ہوئے تھے ۔
داعش دہشتگرد گروہ کی شکست کے باوجود اس ملک میں اس گروہ کے باقیات موجود ہیں اور ان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔