Mar ۳۱, ۲۰۲۱ ۰۸:۳۹ Asia/Tehran
  •  مآرب میں یمنی فوج کی پیشقدمی، سعودی اتحاد سے وابستہ فوجیوں کا محاصرہ

یمنی ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مآرب کے دو علاقوں «جبل الاخشر» اور «النخلاء» کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔

الخبر الیمنی کی رپورٹ کےمطابق مآرب سیکٹر پر یمنی فورسز کی پیشقدمی جاری ہے اور اس صوبے کے بہت سے علاقے من جملہ «جبل الاخشر»  اور «النخلاء» یمن کے مفرور و مستعفی صدر منصورہادی سے وابستہ عناصر اور داعش و القاعدہ کے دہشتگردوں کے ہاتھوں سے نکل گئے ہیں ۔

عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ یمن کی فوج اور رضاکار فورس ، شہر مآرب کے جنوب مغرب میں واقع البقلین  الاوسط اور القبلی کے محاذوں کی جانب پیشقدمی کر رہی ہیں  جبکہ الکسارہ الفجوہ ، الحراملہ ، السیطرہ اور ایدات الراء کے اسٹریٹیجک علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔

 اس رپورٹ کے مطابق مآرب میں الطلعہ الحمراء کے مضافات میں بھی شدید جنگ جاری ہے اور جارح سعودی اتحاد سے وابستہ پٹھو فوجی یمنی فوج کے محاصرے میں آگئے ہیں ۔

 بعض مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ منصور ہادی سے وابستہ عناصر اور ان کے زرخرید عناصر پناہ گزینوں کو شہر مآرب کے محفوظ مشرقی علاقوں کی جانب نہیں جانے دے رہے ہیں جس کے باعث پناہ گزینوں میں شدید غصہ ہے اور آل سعود کے کرائے کے فوجیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں ۔

 صوبہ مآرب میں گذشتہ دو مہینے سے یمن کی نیشنل سالویشن حکومت اور سعودی اتحاد و منصور ہادی کے زرخریدوں کے درمیان شدید جنگ ہو رہی ہے اس دوران یمنی فورسز نے صوبہ مآرب میں کئی کلومیٹر اندر تک پیشقدمی کی ہے ۔

ٹیگس