Apr ۰۶, ۲۰۲۱ ۰۶:۵۱ Asia/Tehran
  •  مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی چوکی نذر آتش

شعفاط کیمپ کے قریب اسرائیلی فوجی چوکی کو فسلطینی جیالوں نے نذر آتش کردیا ۔

مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی مظالم سے تنگ آئے فلسطینی نوجوانوں نے شعفاط کیمپ کے قریب اسرائیلی فوج کی ایک چوکی پر پیٹرول بم پھینک کر اسے نذر آتش کردیا۔

بیت المقدس میں مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان شعفاط کیمپ کے قریب جھڑپیں ہوئیں۔

قابض فوج نے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور براہِ راست فائرنگ کی جب کہ فلسطینیوں نے قابض فوج پر پتھراو کیا اور پیٹرول بم پھینکے۔

 پیٹرول بم حملے میں اسرائیلی فوج کا ایک کنٹرول ٹاور نذرآتش ہوگیا۔ خیال رہے کہ بیت المقدس میں شعفاط پناہ گزین کیمپ قابض فوج اور فلسطینیوں کے درمیان مسلسل جھڑپوں کا مرکز رہتا ہے۔

قابض فوج اس علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں بڑے پیمانے پر لوٹ ماراور توڑپھوڑ کرتی ہے، جس کے خلاف فلسطینی مظاہرے کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔

دوسری جانب قابض صہیونی فوج اور پولیس کی جانب سے فلسطین کے مغربی کنارے کے تاریخی شہرالخلیل کی تاریخی جامع مسجد میں نماز کی ادائیگی اور اذان پر پابندیوں کا ناروا اور غیرقانونی سلسلہ بدستور جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق صرف مارچ  کے مہینے میں مسجد ابراہیمی کے دروبام  59 بار اذان سے محروم رہے۔

الخلیل کے محکمہ اوقاف نے اپنے بیان میں کہا کہ مسجد ابراہیمی میں اذان اور نماز پرصہیونی پابندیوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ جب سے اسرائیل کی خود ساختہ ریاست کے ساتھ بعض عرب حکام نے تعلقات قائم کئے جانے کا سلسلہ شروع کیا ہے، مقبوضہ علاقوں میں صیہونیوں کی جانب سے اس طرح کے اقدامات میں شدت کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔

ٹیگس