سعودی عرب؛ غداری کے الزام میں تین فوجی اہلکاروں کو سزائے موت
سعودی عرب کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے نتیجے میں تین سعودی فوجیوں کو سزائے موت دے دی گئی۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت دفاع نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ سعودی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے الزام میں محمد بن احمد بن یحیی عکام، شاہر بن عیسی بن قاسم حقوی اور حمود بن ابراہمی بن علی حازمی کو سزائے موت دے دی گئی۔
اس بیان کے مطابق اس سے قبل ان تینوں فوجیوں کو مخصوص سعودی عدالت کے حوالے کردیا گیا تھا۔
ان تینوں فوجیوں کو ہفتے کی صبح جنوبی سعودی عرب میں واقع ایک فوجی ہیڈکوارٹر میں پھانسی دے دی گئی۔
سعودی عرب میں سزائے موت پر درآمد عوامی مقام پر سر قلم کرکے یا ملزم کے سر پر براہ راست گولی مار کر کیا جاتا ہے۔ فوجی اہلکاروں کو سزائے موت کس طرح دی گئی اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
واضح رہے کہ یمنی فورسز کے مقابلے میں خاص طور پر صوبے مآرب ميں سعودی اتحاد کو مسلسل شکستوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور سعودی فوجیوں کے حوصلے بری طرح سے پست دکھائی دے رہے۔
بعض ذرائع نے تین فوجیوں کو سزائے موت دیئے جانے کے اقدام کو سعودی فوجیوں کے اندر فرار کے رجحان کو روکے جانے کی کوشش سے تعبیر کیا ہے۔