Apr ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
  • اربیل میں امریکی فوجی چھاؤنی پر ڈرون حملہ

عراق کے کردستان علاقے میں دہشت گرد امریکی فوجیوں کی چھاؤنی پر حملہ ہوا ہے -

صابرین نیوز چینل نے خبر دی ہے کہ عراقی کردستان کے اربیل ہوائی اڈے کے قریب واقع امریکی فوجی چھاؤنی پرایک ڈرون حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں ۔

خبروں کے مطابق اربیل میں امریکی قونصل خانے اور شہر کے ہوائی اڈے کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے ہیں جبکہ ایئرپورٹ کے قریب واقع امریکی فوجی چھاؤنی سے دھواں اٹھ رہا ہے ۔

عراقی صحافیوں اور رپورٹروں نے بھی اربیل ہوائی اڈے کے قریب واقع امریکی فوجی چھاؤنی پر کم سے کم ایک راکٹ لگنے کی تصدیق کی ہے اور شہر کی فضاؤں میں متعدد امریکی ڈرون پرواز کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں ۔

عراقی کردستان علاقے کے انسداد دہشتگردی کے ادارے نے امریکی فوجی چھاؤنی پر راکٹ حملوں کی خبردیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔

واضح رہے کہ بغداد میں امریکی سفارت خانہ اور دہشتگرد امریکی فوجیوں کی چھاؤنیوں پرحالیہ مہینوں میں کئی بار راکٹ حملے کئے گئے ہیں۔

درایں اثنا شمالی عراق کے صوبہ نینوا کے ایک سینئر سیکورٹی عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ شمالی نینوا کے علاقے بعشیقہ کی زلیکان فوجی چھاؤنی کو جہاں ترکی کے فوجی تعینات ہیں ، دو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے جس میں ایک میزائل، چھاؤنی کے اندر جا کر لگا ہے جبکہ دوسرا میزائل اس چھاؤنی کے قریب واقع زلیکان دیہات میں جا کر گرا ہے ۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ میزائل کس گروہ کی جانب سے فائر کیا گیا ہے تاہم  سیکورٹی ذریعے نے اس حملے کے نتیجے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔

عراق کے استقامتی گروہوں نے اس سے قبل بھی عراق میں ترکی کے کچھ فوجی اڈوں کو حملے کا نشانہ بنایا تھا اور اعلان کیا تھا کہ عراق میں قابض افواج کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔

عراقی عوام اور گروہ اپنے ملک سے دہشتگرد امریکی فوجیوں اور دیگر ملکوں کی فوجوں کے باہر نکلنے کا مطالبہ کررہے ہیں اور عراقی پارلیمنٹ بھی ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا بل منظور کر چکی ہے ۔

ٹیگس