قدس کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی : حماس
حماس نے قدس شریف کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے کہا ہے کہ قابض دشمن کے قبضے سے مسجد الاقصیٰ کی آزادی کی جنگ منطقی انجام تک جاری رکھی جائے گی۔
حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے ایک بیان میں بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں کی قبلہ اول کے دفاع کے لیے قربانیوں اور خدمات کو شاندار طریقے سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کے فلسطینی باشندے مسجد الاقصیٰ کے دفاع میں قابض دشمن کے بدترین تشدد اور اذیتوں کا سامنا کررہے ہیں، مگر دشمن کی تمام تر ظالمانہ کارروائیوں کے باوجود وہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے دفاع کے مطالبے پر ثابت قدم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں کی خدمات اور ان کی ثابت قدمی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہیے کہ انہوں نے قبلہ اول کے دفاع کے لیے خود کو وقف کررکھا ہے اور وہ قابض دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقدس مقامات کے دفاع کی جنگ لڑرہے ہیں۔
دوسری جانب حماس کے خارجہ امور کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی قیدیوں کا معاملہ پوری فلسطینی قوم کے دل، عقل اور وجدان میں موجود ہے، اور فلسطینی اسیروں کی رہائی ہر چیز پر مقدم ہے اور رہے گی۔
فلسطینی یوم اسیران کے موقع پر ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ ہم اس موقع پر اسیران کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ صہیونی جیلوں میں قید آخری فلسطینی کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اس حوالے سے ہم علاقائی اور عالمی فورموں پر بھی آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسیران کی تکالیف کم کرنے کے لیے ہم تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔