May ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • یوم قدس ، صیہونیوں کے خلاف انتفاضہ ہونا چاہئے

فلسطینی استقامی گرہوں نے اعلان کیا ہے کہ اس سال عالمی یوم قدس کو صیہونیوں کے خلاف انقلاب و انتفاضہ کا دن ہونا چاہئے -

عالمی یوم قدس کے موقع پر فلسطین کے استقامتی گروہوں نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ عالمی یوم قدس کو صیہونیوں کے خلاف یوم جہاد و انتفاضہ کے طور منایا جانا چاہئے ۔

فلسطین کے استقامتی گروہوں کے بیان میں آیا ہے کہ ہم غرب اردن ، بیت المقدس اور انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں کے فلسطینیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بیت المقدس کے شیخ جراح محلے کے باشندوں کی حمایت کریں اور صیہونی دشمن کو بھی اس محلے میں کسی بھی طرح کی حماقت کے نتائج کی بابت خبردار کرتے ہیں ۔

فلسطینی استقامتی گروہوں نے زور دے کر کہا ہے کہ بیت المقدس میں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ ہماری جنگ تشخص اور بقا کی جنگ ہے اور بیت المقدس مسلم امۃ کا اصلی مسئلہ ، غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جنگ کا محور اور فلسطین کا دائمی دارالحکومت ہے اور فلسطین میں غاصبوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔

استقامتی گروہوں کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی فلسطین کے لئے بہترین اور نزدیک ترین راستہ مسلح جدوجہد اور ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے جن کے ذریعے فلسطینی کاز کو نابود کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قدس شریف ہمیشہ سے عربی و اسلامی رہا ہے اور رہے گا اور قدس شریف ہی مسلم امہ کا اصلی موضوع ، غاصب صیہونیوں کے خلاف جدوجہد کا محور ہے اور فلسطین میں غاصبوں کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔

فلسطینی استقامتی گروہوں نے زور دے کر کہا ہے کہ قدس میں غاصبوں کے خلاف ہماری جنگ تشخص اور موجودیت کی جنگ ہے اور سینچری ڈیل ، زمینوں کا انضمام ، غاصبانہ قبضہ اور روابط کو معمول پر لانے کی کوششیں دم توڑ رہی ہیں ، اور فتح و کامیابی مسلم امہ کا مقدر اور یقینی ہے ۔

درایں اثنا تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ کے کمانڈر نے صیہونی حکومت کو بیت المقدس کے شیخ جراح محلے میں مظالم و جرائم کا سلسلہ جاری رکھنے کی بابت انتباہ دیا ہے ۔

محمد الضیف نے بدھ کی صبح کہا کہ استقامتی کمانڈر اور قسام بریگیڈ ، بیت المقدس اور شیخ جراح محلے میں ہونے والے واقعات کا نہایت قریب سے جائزہ لے رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اگر اس محلے میں یہاں کے باشندوں کے خلاف جرائم کا سلسلہ جاری رہا تو استقامت خاموش نہیں بیٹھے گی اور دشمن کو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے ۔

محمد الضیف نے مزید کہا کہ یہ آخری انتباہ ہے ۔

صیہونی حکومت گذشتہ کئی دنوں سے شہر بیت المقدس میں واقع الشیخ جراح محلے کے باشندوں سے ان کے گھروں کو خالی کرنے کا مطالبہ رہی ہے ۔

صیہونیوں کے اس اقدام کے نتیجے میں اس محلے کے ہزاروں باشندے بے  گھر اور دربدر ہوجائیں گے ۔

صیہونی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کو اپنے گھروں کو خالی کردینے کے حکم کے بعد سے شیخ جراح محلے کے عوام گذشتہ کئی دن سے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں اور احتجاج کررہے ہیں جسے صیہونی حکومت کچلنے کی کوشش کررہی ہے ۔

ٹیگس