گروپ سات کا اعلامیہ بین الاقوامی منافقت کا عکاس ہے : یمن
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت نے یمنی فوج اور رضاکار فورس کی کارروائیوں کی مذمت اور جارح سعودی اتحاد کے جرائم کو نظرانداز کرنے کو بین الاقوامی منافقت کا عکاس قراردیا ہے -
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی قومی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ چونکہ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت اور محاصرے کو نظرانداز کیا جا رہا ہے اس لئے یمن کی آزادی تک سعودی عرب کے اندرحملوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
البخیتی نے زور دے کر کہا کہ یمن ، جارحیت روکنے ، محاصرہ ختم کرنے اور بیرونی فوجیوں کی پسپائی کے جواب میں اپنی تمام فوجی کارروائیاں روکنے کے لئے تیار ہے۔
یمن کے مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے بھی کہا ہے کہ سلامتی کونسل ایک محدود جنگ کی بات کرتی ہے اور یمن کے محاصرے کو کوئی اہمیت نہیں دیتی لیکن جنگ کو محدود کرنے سے کوئی مسئلہ حل ہونے والا نہیں ہے بلکہ اس سے مسئلہ اور گمبھیرہوگا اور قیام امن میں بھی کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔
سعودی عرب امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر جارحانہ حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری ، بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے ۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت میں اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہید ، دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں دربدر اور بے گھر ہوچکے ہیں ۔