کابل؛ اسکول کے باہر دھماکے، درجنوں شہید و زخمی
May ۰۸, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۵ Asia/Tehran
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک اسکول کے سامنے ہونےوالے دھماکوں میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق، مغربی کابل کے علاقے چہل دختران میں واقع سید الشہدا اسکول کے سامنے کم سے کم تین دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں کم سے کم پچیس افراد شہید اور پچھتر زخمی ہوگئے۔
کہا جارہا ہے کہ دھماکے اس وقت ہوئے جب اسکول کی چھٹی ہوئی اور طلبہ اپنے گھروں کے لئے اسکول سے باہر نکل رہے تھے۔
اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے ایک کار بم دھماکہ ہوا جس کے بعد بارودی سرنگ کے دو دیگر دھماکے ہوئے جنہیں پہلے سے یہاں نصب کیا گیا تھا۔
تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم علاقے کے لوگوں نے اسے امریکہ اور افغان سیکورٹی اداروں کی نالائقی اور لا پرواہی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔