یمن، اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی صنعا پہنچے، امن کی کوششیں تیز
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے امن عمل کا جائزہ لینے اور جھڑپوں کو رکوانے کی کوشش کے تحت یمن کے دار الحکومت صنعا پہنچ گئے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صنعا ایئرپورٹ کے ایک با خبر ذریعے کا کہنا ہے کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اتوار کو دار الحکومت صنعا پہنچے۔
جرمن خبر رساں ایجنسی نے ایئرپورٹ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتس کا تحریک انصار اللہ کے کچھ رہنماؤں نے پرجوش استقبال کیا۔
مارٹن گریفتس اپنے دو روزہ یمن دورے کے دوران یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے عہدیداروں سے ملاقات میں وسیع جنگ بندی اور انسانی صورتحال کے لئے سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے بارے میں مذاکرات کریں گے۔
اقوام متحدہ میں یمن کے امور کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتس نے گزشتہ ہفتے ریاض میں موجود یمن کی مستعفی حکومت اور سعودی عرب کے حکام سے ملاقات کی تھی جبکہ مسقط میں یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے اعلی مذاکرات کار محمد عبد السلام سے بھی ملاقات کی تھی۔
عربی اخبار رای الیوم نے رپورٹ دی ہے کہ مارٹن گریفتس نے ان ملاقاتوں میں جنگ بندی کے اپنے منصوبے، لوگوں کی آمد رفت اور یمن کے لئے چیزوں کی در آمد اور برآمد پر عائد پابندیوں کو کم کئے جانے کی راہوں کا جائزہ لیا۔