اقوام متحدہ انسانی المیے کی ذمہ دار ہے، یمنی عہدیدار
یمن کی قومی حکومت نے، اقوام متحدہ کو اپنے ملک کے انسانی المیے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ تیل بردار بحری جہاز صافر کے بارے میں عالمی ادارے کی خاموشی کی وجہ سے کسی بھی وقت ماحولیاتی اور انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے۔
انہوں نے یمن کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے موقف پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل صافر نامی تیل بردار بحری جہاز پر لدے تیل کی فروخت روکنے کے باوجود، سعودی اتحاد کو مجرم نہیں سمجھتی۔
قابل ذکر ہے کہ صافر نامی تیل بردار بحری جہاز پچھلے چار سال سے صوبہ الحدیدہ کی بندرگاہ راس عیسی کے قریب کھلے سمندر میں کھڑا ہے اوراس پر یمن کا دس لاکھ بیر ل تیل لدا ہوا ہے۔
کھلے سمندر میں بغیر عملے کے کھڑے اس جہاز میں ہر آن لیکیج کاامکان موجود ہے جو ماحولیاتی اور انسانی المیے کا سبب بن سکتا ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ مذکورہ تیل بردار بحری جہاز پر لدے تیل کی فروخت روکنے والے سعودی اتحادی ممالک مجرم ہیں۔
انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ صافر تیل بردار بحری جہاز پر لدے تیل کی فروخت اور اس جہاز کی مرمت کو یقینی بنائے تاکہ ماحولیاتی اور انسانی المیے کو روکا جاسکے۔
یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ یمن کی قومی حکومت اور اقوام متحدہ نے گزشتہ سال تیل بردار بحری جہاز صافر کی مرمت کرنے پر اتفاق کیا تھا۔