عمانی وفد کا دورہ صنعا مثبت رہا، محمد عبدالسلام
یمن کی قومی حکومت کے مذاکرات کار وفد کے سربراہ نے عمانی وفد کے حالیہ دورہ صنعا کو مثبت قرار دیا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے، یمن کی قومی حکومت کے مذاکرات کار وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے کہا کہ سلطنت عمان کے وفد نے، قومی حکومت کے نگران اعلی سید عبدالملک بدرالدین الحوثی، اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط اور مسلح افواج کے سربراہ کے علاوہ اہم سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقات کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام یمنی رہنماؤں نے جنگ اور محاصرے کے خاتمے نیز انسانی صورتحال کے حوالے سے متعدد تجاویز عمانی وفد کو پیش کی ہیں۔
محمد علی الحوثی نے کہا کہ ہم صلاح و مشورے کی تکمیل اور برادر ملک عمان کی کوششوں کی حمایت کی غرض سے ایک بار پھر مسقط جائیں گے تاکہ عالمی برادری کے ساتھ بات چیت کے ذریعے بحران کے حل تک پہنچا جاسکے۔
یمن کی قومی حکومت کے مذاکرات کار وفد کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عمان کی کوششیں یمن میں امن و استحکام پر منتج ہوں گی۔
واضح ہے کہ عمان کے اعلی سطحی وفد نے گزشتہ دنوں یمن کے دارالحکومت صنعا کا دورہ کیا ہے جسے بحران یمن کے حل کی کوششوں سے تعبیر کیا جارہا ہے۔
جنگ یمن کے خاتمے کی غرض سے اب تک متعدد کوششیں انجام دی جا چکی ہیں تاہم سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی رخنہ اندازی کی وجہ سے ثالثی کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔