ہنیہ، نخالہ ملاقات، جنگ سیف القدس کے اثرات کا جائزہ
فلسطین کی دوبڑی مزاحمتی تحریکوں، حماس اور اسلامی جہاد کے رہنماؤں نے قاہرہ میں ایک دوسرے سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
فلسطین الآن کے مطابق، حماس کےسربراہ اسماعیل ہنیہ اور اسلامی جہاد کے سربراہ زیاد النخالہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں "جنگ سیف القدس" کے نتائج کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس اور اسلامی جہاد کے سربراہوں نے اس ملاقات میں یہ بات زور دے کر کہی کہ" جنگ سیف القدس " نے خطے پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں اور ثابت ہوگیا کہ مزاحمتی بلاک طاقت کے تواز ن کو درھم برھم کرنےاور دشمن کی اسٹریٹیجی کو ناکام بنانے کی بھرپور توانائی رکھتا ہے۔
دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ، مزاحمتی بلاک نے فلسطینی امنگوں کو پھر سے زندہ کیا ہے اور ناامیدی کے اس دور کا خاتمہ کردیا ہے جو صیہونی دشمن ایک عرصے سے فلسطینی قوم اور امت مسلمہ پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
حماس اور جہاد اسلامی کے رہنماؤں نے، سیاسی میدان میں باہمی تعاون اور میدان جہاد میں قومی یکجہتی برقرار رکھنے نیز، مزاحمت کے موقف پر سختی کے ساتھ ڈٹے رہنے پر اتفاق کیا۔