امریکہ دنیا کا چوکیدار نہیں، افغانستان کے بعد اب دوسرے علاقوں سے بھی اُسے نکلنا ہوگا: اسماعیل ہنیہ
فلسطین کی تحریک حماس کے رہنما نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلا دیگر علاقوں سے بھی اس کے انخلا کا باعث بنے گا اور یہ کہ دنیا میں امریکہ، اور اسرائیل سمیت اس کے اتحادی کمزور پڑتے جا رہے ہیں۔
سما خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے یہ بات ترکی میں بیت المقدس کے علمبرداروں کے بارہویں اجلاس سے اپنے خطاب میں کہی۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی دشمن کے خلاف سیف القدس جنگ نے عالمی سطح پر تہلکہ مچایا ہے جس کے اثرات ابھی بھی دیکھے جا رہے ہیں۔
اسماعیل ہنیا نے کہا کہ بیت المقدس کی تلوار اب مسجد الاقصی، بیت المقدس اور پورے فلسطین کو آزاد کرائے بغیر نیام میں نہیں جائے گی۔
انھوں نے افغانستان سے امریکی انخلا کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ امریکہ دنیا کا کوئی چوکیدار نہیں اور یہ کہ افغانستان سے امریکی انخلا دیگر علاقوں سے بھی اس کے انخلا کا باعث بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں امریکہ، اور اس کے اتحادی کمزور پڑتے جا رہے ہیں جن میں سرفہرست اسرائیل ہے۔
فلسطین کی تحریک حماس کے رہنما نے کہا کہ استقامت و مزاحمت ہمیشہ نہایت کارگر واقع ہوئی ہے۔