فلسطین کی تحریک انتفاضہ مزید تیز ہوگی
فلسطینی تنظیموں کی مشترکہ کمیٹی نے صیہونیوں کی فلیگ ڈانس ریلی کے موقع پر غاصب صیہونی حکومت کے خلاف تحریک انتفاضہ تیز کرنے کی اپیل کی ہے.
فلسطینی تنظیموں کی مشترکہ کمیٹی کے جاری کردہ بیان میں اندرون اور بیرون ملک مقیم تمام فلسطینیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منگل کے روز قومی پرچم کے زیر سایہ بیت المقدس اور مسجد الاقصی کے دفاع کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔
اسلامی مزاحتمی تحریک حماس نے بھی تمام فلسطینیوں کو صیہونیوں کی فلیگ ڈانس ریلی کے موقع پر مسجد الاقصی میں اجتماع کی دعوت دی ہے۔ مقبوضہ علاقوں کی متعدد فلسطینی تنظیموں نے بھی اپنے اپنے الگ الگ بیانات میں منگل کے روز صیہونیوں کے خلاف تحریک انتفاضہ میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
قابل ذکر ہے غاصب صیہونی حکومت کی پولیس نے آخرکار کل منگل کے روز صیہونی غاصبوں کو فلیگ ڈانس ریلی نام سے موسوم اشتعال انگیز مظاہرے کی اجازت دے دی ہے جسے حماس کے انتباہ کے باعث اب تک کئی بار ملتوی کیا جاتا رہا ہے۔ حماس اور اس کی فوجی شاخ عز الدین القسام بریگیڈ نے پچھلے دنوں بیت المقدس میں صیہونیوں کو فلیگ ڈانس ریلی نکالے جانے کی بابت سخت خبردار کیا تھا۔