سعودی فوجی اہداف پر یمن کی مسلح افواج کے بڑے ڈرون حملے
یمن کی مسلح افواج نے سعودی عرب کے فوجی اہداف کو وسیع پیمانے پر ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
یمنی عوام کے خلاف قائم سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے یمن کی مسلح افواج کے بھرپور ڈرون حملے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسیع پیمانے پر یہ حملہ اتوار کی صبح کیا گیا۔
سعودی ترجمان نے البتہ ہمیشہ کی طرح جھوٹا دعوی کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یمن کی مسلح افواج کے چھے ڈرون طیاروں کو مار گرایا گیا۔
جارح سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ سعودی اتحاد بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنی حفاظت کے لئے تمام اقدامات عمل میں لا رہا ہے۔
اس سے قبل یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا تھا کہ یمن کی مسلح افواج کے ڈرون یونٹ نے قاصف کے ٹو، ڈرون طیارے کا استعمال کرتے ہوئے جنوبی سعودی عرب میں خمیس مشیط میں واقع ملک خالد ایئربیس میں سعودی فوجی اڈے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب یمن کے فوجی ترجمان نے صوبہ مآرب میں جاسوسی کے مشن پر آنے والے امریکی ڈرون کو مار گرائے جانے کی خبر دی ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیر یحیی سریع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبہ مآرب کی فضائی حدود میں سرچ آپریشن میں مصروف امریکہ کے ایک ڈرون کو مار گرایا گیا۔
یحیی سریع نے اس کے ساتھ یہ بھی کہا کہ جلد ہی امریکہ کے جاسوس طیارے کے مار گرائے جانے کی ویڈیو میڈیا پر جاری کردی جائے گی۔