جلد ہی ایران کا دورہ کروں گا: عراقی وزیر اعظم
Jun ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
عراق کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایران میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد وہ تہران کا دورہ کریں گے۔
عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا ہے کہ ایران کے نو منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی اور ایران کے ساتھ ان کے ملک کے تعلقات بہت خوشگوار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد وہ تہران کا دورہ کریں گے۔ عراق کی سرکاری نیوز ایجنسی نے چند روز قبل خبر دی تھی کہ ایران کے نو منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی نے عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کو تہران کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے صدر برہم صالح اور وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے ایران کے صدارتی انتخابات میں سید ابراہیم رئیسی کی کامیابی پر سب سے پہلے مبارک باد پیش کی تھی۔