افغانستان میں ایران، پاکستان اور ترکی کے قونصل خانے بند
Jul ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۱:۴۱ Asia/Tehran
افغانستان میں بڑھتی ہوئی بد امنی کے پیش نظر ایران، پاکستان اور ترکی نے صوبہ بلخ میں اپنے قونصل خانے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ہاتھوں صوبہ بلخ کے کئی علاقوں پر قبضہ اور حالات خراب ہونے کے بعد ایران، پاکستان اور ترکی نے صوبہ بلخ میں اپنے قونصل خانے بند کردیئے اور ان ملکوں کے سفارتکار بلخ سے کابل منتقل ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل بلخ کے گورنر فرهاد عظیمی نے کہا تھا کہ مزار شریف میں ایران، ترکی اور روس کے قونصل خانے بند ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب افغان تاجک سرحدی گزرگاہ کے بعد بلخ صوبے میں ایک اور اہم سرحدی گزرگاہ پر طالبان کے قبضے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
طالبان نے 24 گھنٹے کے دوران افغانستان کے مزید 13 اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے۔