ملک سے امریکی فوجیوں کو نکل جانا ہوگا: ممبران پارلیمنٹ عراق
عراقی ممبران پارلیمنٹ نے ایک بار پھر اپنے ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی مخالفت کرتے ہوئے ان کے جلد سے جلد انخلا پر زور دیا ہے۔
المعلومہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کی سیکورٹی و دفاعی کمیشن کے رکن ایوب الربیعی نے کہا ہے کہ امریکی فوجی، عراق سے جانا نہیں چاہتے اور انہوں نے اس کا کھل کر اعلان بھی کیا ہے۔
عراقی پارلیمنٹ کے خارجہ تعلقات کمیشن کے رکن عامر الفایز نے کہا ہے کہ واشنگٹن، عراق میں اپنے مفادات کے تناظر میں آگے بڑھ رہا ہے اور وہ اس ملک میں اپنے مطالبات پر عمل درآمد کرنا چاہتا ہے۔
عراق کے فتح الائنس کے نمائندے محمد کریم نے کہا ہے کہ غیرملکی فوجیوں کو جلد سے جلد عراق سے باہر نکل جانا چاہئے تاکہ عراقی قوم اور الحشد الشعبی کے خلاف انکے حملے اور جرائم کا سلسلہ بند ہوں۔
عراقی پارلیمنٹ نے ایک بل پاس کر کے اپنے ملک سے بیرونی فوجیوں کے انخلا کو ضروری قرار دے دیا ہے۔ عراقی عوام مختلف مواقع پر امریکی فوجیوں کی موجودگی کی مخالفت کا اعلان کر چکے ہیں اور وہ عراق میں اپنے فوجیوں کو باقی رکھنے کے واشنگٹن کے تمام حربوں کے سخت مخالف ہیں۔