اسرائیل کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا: عمان
عمان کے وزیر خارجہ نے خودساختہ صیہونی حکومت کے ساتھ سازباز کی مخالفت کی ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے کہا ہے کہ ان کا ملک، غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ روابط برقرار کرنے والا، خلیج فارس تعاون کونسل کا تیسرا ملک ہرگز نہیں بنے گا۔
انھوں نے اسی کے ساتھ دو ریاستی نظریئے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بقول ان کے قیام امن کا یہی واحد طریقہ ہے جس پر عرب ممالک اور عالمی برادری زور دیتی رہی ہے۔ عمان کے وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ عمان نے یمن کے بحران کے حل کے لئے کوئی منصوبہ پیش نہیں کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمان، تمام فریقوں کے درمیان مفاہمت اور عرب لیگ میں شام کی واپسی کی حمایت کرتا ہے۔
عمان کے وزیر خارجہ نے علاقے میں ایران کے کردار کے بارے میں کہا کہ تہران نے ہمیشہ علاقے میں قیام امن اور ثبات و استحکام کی کوشش کی ہے۔
واضح رہے کہ عمان کے وزیر خارجہ نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ پریس ذرائع نے بعض ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عمان کے فرمانروا، مختلف مسائل منجملہ یمن کے بحران اور ایران کے جوہری مذاکرات کے نتائج پر تبادلہ خیال کے لئے سعودی عرب کا دورہ کرنے والے ہیں۔